Directorate of Information and Public Relations, Khyber Pakhtunkhwa

The Official gateway to Governmental Services of the Govt. of Khyber Pakhtunkhwa

حکومت نے نوجوانوں کی فلاح وبہبود کے لئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں۔ محمود خان

خیبرپختونخوا کے وزیر کھیل ،ثقافت ،میوزیم ،امورنوجوانان اورپاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ڈویژن کے صدر محمود خان نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے صوبے میں نوجوانوں کی فلاوبہبود اوران کی صلاحیتوں کو اجاگرکرنے کے لئے متعدد عملی اقدامات اٹھائے ہیں اوراس مقصد کے حصول کے لئے ایک جامع یوتھ پالیسی منظورکرنے کے بعد اس کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ایک ارب روپے کی خطیر رقم بھی مختص کی گئی ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کے روز نشتر ہال پشاورمیں نیشنل یوتھ کارنیوال ٹرافی کی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک تھے۔تقریب میں وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے سیاحت عبدالمنیم خان ،سیکرٹری سپورٹس خیبرپختونخوا طارق خان ،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس جنید خان ،ڈائریکٹر یوتھ افیئرز اسفندیار خٹک کے علاوہ نوجوان بھی کثیر تعداد میں موجود تھے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ نیشل یوتھ کارنیوال کا بنیادی مقصد نوجوانوں کوغیر نصابی سرگرمیوں کے لئے ایک بڑا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے تاکہ نوجوان نصابی سرگرمیوں کے ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں میں بھی بڑھ چڑھ کرحصہ لیں ۔محمود خان نے کہا کہ صوبائی حکومت نے اس سال یوتھ کارنیوال کے لئے 65 ملین روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے جن میں 30 مختلف مقابلوں کی مد میں 50 لاکھ روپے کی انعامی رقم بھی مختص ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ہذا عالمی سطح کی میرا تھن ریس منعقد کرے گا جن میں کئی ممالک کے کھلاڑی شرکت کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ مذکورہ میراتھن ریس لندن اوربمبئی کے میراتھن ریس کے مقابلے کی ہوگی۔ محمود خان نے کہا کہ بہت جلد تمام اضلاع کی سطح پر ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر ز کے دفاتر قائم ہونے کے ساتھ ساتھ جوان مراکز بھی بنائیں گے تاکہ ہماری نوجوان نسل ملک کی ترقی وخوشحالی کے لئے دن رات ایک کرکے پاکستان کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنے میں اپنا کردار اداکرسکے۔