خپل کور‘‘ ایک عظیم رہائشی منصوبہ ہے۔ڈاکٹر امجد علی”

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ پانچ مرلے پر مشتمل کم لاگت کی رہائشی سکیم’’خپل کور‘‘ تحریک انصاف حکومت کا ایک عظیم پراجیکٹ ہے جس سے عام آدمی کو بے مکانی اورمکانوں کے بھاری کرایوں کے عذاب سے نجات ملے گی۔یہ بات انہوں نے آج سول سیکرٹریٹ پشاور میں ورلڈ بینک کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈائریکٹر پلاننگ سیف الرحمن عثمانی بھی موجود تھے۔ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ ’’خپل کور‘‘ پراجیکٹ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان اوروزیر اعلیٰ پرویز خٹک کا مشترکہ ویژن تھا جس پر اس سال عملی کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اصل عوامی حکومت پی ٹی آئی کی ہے کہ وہ ایسے تعمیراتی کام بھی کر رہی ہے جس کا اس نے کبھی وعدہ نہیں کیا تھا۔انہوں نے ورلڈ بنک کے نمائندوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ خپل کور سکیم کے تحت پانچ مرلے کی رہائشی کالونیاں ڈویژن اضلاع کی سطح پر بنائی جائیں گی جن کے رہائشیوں کو زندگی کی تمام بنیادی سہولیات میسر ہوں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ جہاں کہیں بھی پی ایچ اے کے پاس اپنی اراضی ہے وہاں مذکورہ پراجیکٹ کا اجراء بہت جلد کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ خپل کور سکیم کے پلاٹس کی الاٹمنٹ قرعہ اندازی کے ذریعے ہوگی جس میں خیبر پختونخوا کا ہر عام و خاص شہری حصہ لے سکے گا۔ ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت زبانی جمع خرچ کی بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے اور آئندہ بجٹ میں عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اربوں روپے مختص کئے گئے ہیں جس سے عام آدمی کی زندگی میں خوشگوار تبدیلی آئے گی۔

Tags: