عوام کے حقوق غصب کر کے لندن میں پرتعیش زندگی گزارنے کا حساب دینا ہوگا۔میاں جمشید الدین کا کا خیل

شریف خاندان کی جے آئی ٹی میں پیشی کو تاریخی اور مثالی اقدام قرار دینے والے شریف خاندان کے ساتھ اپنی وفاداری تو ثابت کر سکتے ہیں تاہم ان کو مظلوم ثابت کرنا ان کے لئے شاہد نا ممکن ہوگا۔ان خیالات کا اظہار خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ایکسائز و ٹیکسیشن اور انسداد منشیات میاں جمشید الدین کا کا خیل نے اپنے ایک اخباری بیان میں کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کا جے آئی ٹی میں پیش ہونا عوام پر کوئی احسان نہیں ہے اور نہ ہی اس کو انتقامی کارروائی کا نام دیکر ہمدردی کے حصول کا ذریعہ بنایاجا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان تحریک انصاف کی جرا ت اور عوام کے حقوق کے تحفظ کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ انہوں نے شریف خاندان کو عوامی حقوق غصب کرنے کا حساب دینے کے لئے انصاف کے کٹہرے میں لا کھڑا کیا۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان نے جی آئی ٹی کو بھی دباؤ میں لانے کے لئے حربے استعمال کرنیکی کوشش کی جو بے کار ثابت ہوئے۔