مشال خان کے والدین کو انصاف فراہم کرنے کے لئے صوبائی حکومت اپنی تما م ترذمہ داری پوری کرے گی

سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہاہے کہ عبدالولی خان یونیورسٹی کے طالب علم مشال خان کے والدین کو انصاف فراہم کرنے کے لئے صوبائی حکومت اپنی تما م ترذمہ داری پوری کرے گی ۔ حکومت مشال خان کے خاندان کو قانونی مدد پیش کرنے کے سا تھ ان کے اہل خانہ کو مکمل تحفظ بھی فراہم کرے گی۔ منگل کے روز مشال خان کے والدسے ان کی رہائش گاہ واقع زیدہ ضلع صوابی میں خصوصی ملاقات کے دوران انہوں یہ بات کی۔ملاقات کے موقع پرمشال خان کے والد اقبال خان کے علاوہ ان کے عزیز و اقارب اور علاقہ عمائدین بھی موجود تھے۔اس موقع پر مشال خان کے ایصال ثواب ،درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے دعا بھی کی گئی۔مشال خان کے والد سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ صوبائی حکومت ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی خصوصی ہدایات پر یہاں آئے ہیں۔اسد قیصر نے مشال خان کے والد کو یقین دلایا کہ صوبائی حکومت مشال خان کے کیس کی پیروی کے لئے تمام تر قانونی تعاون فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایڈوکیٹ جنرل کو صوبائی حکومت کی جانب سے تمام تر اقدامات اٹھانے کی فوری ہدایت کر دی گئی ہے ۔اسد قیصر نے مزید کہا کہ مشال خان کے اہل خانہ اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں، صوبائی حکومت انھیں مکمل تحفظ فراہم کرنے کے علاوہ ان کی ہرممکن مدد کرے گی۔اس موقع پر مشال خان کے والد اقبال خان نے سپیکر اسد قیصر کا ان کی رہائش گاہ آمد اور صوبائی حکومت کی جانب سے انصاف حاصل کرنے کے لئے قانونی تعاون اور ان کے خاندان کو حکومتی تحفظ کی یقین دہانی پر ان کاشکریہ ادا کیا۔اقبال خان نے کہا کہ ہمارا خاندان پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت اوربالخصوص چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا بے حد مشکور ہے کہ انہوں نے خود ہمارے گھر تشریف لاکر نہ صرف مشال کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی یقین دہانی کرائی تھی بلکہ صوبائی حکومت کو بھی ہماری بھرپور مدد کی ہدایات جاری کی تھیں۔اقبال خان نے کہا کہ جے آئی ٹی کی جو رپورٹ آئی ہے ہم اس سے کافی مطمئن ہیں۔انہوں نے کہا کہ مشال خان کے کیس کی قانونی پیروی کے لئے انھیں کئی فورم سے پیشکش ہوئی لیکن ان کے خاندان کا تقاضہ اور خواہش تھی کہ خیبر پختونخوا کی حکومت مشال خان کیس کی حکومتی سطح پر پیروی کرے جس پر انھیں مکمل اعتماد ہے۔اقبال خان نے کہا کہ آج سپیکر اسد قیصر کی ان سے ملاقات میں قانونی مدد اور حکومتی تحفظ کی ذمہ داری لینے سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ صوبائی حکومت انصاف کی فراہمی کے اپنے وعدے کوبھرپور اندازمیں نبھا رہی ہے اور وہ دن دور نہیں کہ مشال خان کے قاتل قانون کی گرفت میں ہوں گے اور انھیں قرار واقعی سزا دی جائے گی۔