Directorate of Information and Public Relations, Khyber Pakhtunkhwa

The Official gateway to Governmental Services of the Govt. of Khyber Pakhtunkhwa

وفاقی حکومت کی طرف سے ترقی و خوشحالی کیلئے ایک صوبے کا انتخاب اور قربانیوں کیلئے دوسرے صوبوں کا انتخاب قابل قبول نہیں

خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے آبپاشی و سماجی بہبود سکندر حیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے ترقی و خوشحالی کیلئے ایک صوبے کا انتخاب اور قربانیوں کیلئے دوسرے صوبوں کا انتخاب قابل قبول نہیں اور چھوٹے صوبوں بالخصوص خیبر پختونخوا کے وسائل اور حقوق غصب کرنے کے خلاف ہر محاذ پر قومی وطن پارٹی جدوجہد جاری رکھے گی اور جب تک ہمارے حقوق اور وسائل ہمیں نہیں ملتے ہم آرام سے نہیں بیٹھیں گے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار رحیم آباد کوہاٹ روڈ پشاور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ ماضی میں نا اہل قیادت نے عالمی سازشوں کو پروان چڑھانے کیلئے پختونوں کو تقسیم کیا گیا اور ان پر ظلم ڈھائے گئے جس کی وجہ سے گزشتہ چالیس سال کے دوران پختونوں کی زمین پر عالمی طاقتوں کی جنگ جاری رکھ کر ہمارا خون پانی کی طرح بہایا گیا اور ہمیں پسماندگی اور کسمپرسی کی زندگی میں دھکیل دیا گیا تاہم اب وقت آ گیا ہے کہ ہم متحد ہو کر قومی شعور کو بیدار کریں اور اپنے وسائل اور حقوق کو حاصل کر کے اپنی قوم کو باعزت ، پرسکون اور ترقیافتہ زندگی سے روشناس کرائیں۔انہوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی نے پختونوں کی وحدت اور ترقیافتہ معاشرے کے قیام کا تہیہ کر رکھا ہے اور اس جدوجہد میں شمولیت کیلئے تمام عوام کو دعوت دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی سیاسی وابستگیوں سے بالا تر عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور اس مقصد کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کر رہی ہے۔سکندر شیر پاؤ نے عوام پر زور دیا کہ وہ منتخب نمائندوں کے احتساب کے فرائض میں شامل ہیں اور عوامی خدمت سے غفلت کا نوٹس لے کر آئندہ انتخابات میں ان کا مکمل احتساب کریں۔صوبائی سینئر وزیر نے عوام کے مطالبے پر باڑہ خوڑ کے کنارے فلڈ پروٹیکشن وال کی تعمیر ، آبپاشی کیلئے سولر ٹیوب ویل کی تنصیب اور کٹھہ مروزئی کی پختگی کیلئے 30لاکھ روپے کی فراہمی کا اعلان کیا اور علاقے کے پرائمری سکول میں سولر سسٹم کی تنصیب کیلئے متعلقہ محکمہ کی وساطت سے بندوبست کرنے کا اعلان بھی کیا ۔ تقریب سے قومی وطن پارٹی کے ضلعی رہنماؤں اور علاقے کے عمائدین نے بھی خطاب کیا اور قومی وطن پارٹی پر اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی سینئر وزیر کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے صوبائی ، ضلعی اور علاقائی رہنماؤں کے علاوہ پارٹی ورکروں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

Tags: