پی ٹی آئی کا خیبرپختونخوا میں ایک شفاف نظام قائم کرنا ایک بڑی تبدیلی کی علامت ہے۔محمود خان

خیبر پختونخواہ کے صوبائی وزیر کھیل ،ثقافت‘میوزیم ،امورنوجوانان اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے صدر محمود خان نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی حکومت نے مرکز سمیت تمام سیاسی مخالف قوتوں کی ہر سازش کو ناکامی سے دوچار کیا ہے اور صوبے کی تعمیر وترقی‘امن کی بحالی اور عوام کی خوشحالی کیلئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک کے قیادت میں انقلابی اقدامات اٹھاکرایک شفاف نظام قائم کرنا ایک بڑی تبدیلی کی علامت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیراودئی یونین کونسل آشاڑے مٹہ سوات میں ایک عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جلسے سے ضلعی کونسلر بہادر خان‘پی ٹی آئی کے رہنما ملک اختر علی خان‘عالم خان ‘ارشاد علی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر اے این پی سے وابسطہ سرکردہ اہم شخصیات جن میں شیر زادہ‘وزیر زادہ ‘امیر زادہ‘محمد حلیم ‘بہارالدین‘حضرت بلال‘حضرت زادہ اور حضرت معاز نے اپنے اپنے خاندانوں اور سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ اپنے پارٹی سے مستعفی ہوکر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ پاکستان تحریک انصاف کے مشن کو گھر گھر تک پہنچانے میں اپنابھرپور کرداراداکریں گے۔محمودخان نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی سیاست کا مقصدملک سے کرپشن‘کمیشن خوری‘اقراباپروری‘ناانصافی کا خاتمہ‘ اور عوام کو سستی اور فوری انصاف کی فراہمی کے ساتھ زندگی کے ہرشعبے میں سہولیات فراہم کرنا ہے۔محمود خان نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک روایتی نہیں بلکہ ایک سوچ اورنظرئے کی پارٹی ہے اسی وجہ سے پوری ملک میں سب سے بڑی اور مقبول جماعت بن چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کسی کے ذات یا مخصوص پارٹی کے خلاف نہیں بلکہ پاکستان کی بقاء وسلامتی کے جنگ لڑرہے ہیں اور ان کی کرپشن کے خلاف جہاد ملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے ہے۔محمود خان نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے تحصیل مٹہ میں اربوں روپے کی لاگت سے سڑکوں‘پلوں‘طبی وتعلیمی اداروں‘آبنوشی سکیموں‘آبپاشی سکیموں اور سیلاب سے بچاؤ کے حفاظتی پشتہ جات اور دیگر منصوبوں کا جال بچھا یا دیا ہے جس سے علاقے میں سابقہ محرومیوں کا آزالے کے ساتھ ساتھ ترقی وخوشحالی کاانقلاب برپا ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ پی ٹی آئی آئندہ2018کے عام انتخابات میں اپنے مثبت پالیسیوں اور اچھے کارکردگی کے بنا پر ملک بھر میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی اور مرکز سمیت چاروں صوبو ں میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت قائم ہوگی۔
۔۔۔۔۔۔۔

Tags: