کسی بھی علاقے کی ترقی کیلئے امن وامان کا قیام نہایت ضروری ہے۔ امتیاز شاہد قریشی

صوبائی وزیر قانون امتیاز شاہد قریشی نے کہا ہے کہ کسی بھی علاقے کی ترقی کے لئے امن وامان کا قیام نہایت ضروری ہے شکردرہ ایک پر امن علاقہ ہے۔ یہاں کے باشعور عوام کا انتظامیہ کے ساتھ تعاون مثالی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شکردرہ سے آئے ہوئے مشران کے ایک وفد سے پشاور میں بات چیت کے دوران کیا ۔اُنہوں نے کہا کہ ترقی و خوشحالی کیلئے مثالی امن کا قیام اور کرپشن کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے اور اس اہم مقصد کیلئے صوبائی حکومت مذاکرات بھی کر رہی ہے اور موجودہ پی ٹی آئی حکومت نے ریکارڈ قانون سازی بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ امن کے معاملے میں ہم کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور امن کی قیام کیلئے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو عوام کے سامنے جواب دہ بنانے کیلئے قانون سازی کا عمل آخری مراحل میں ہے جس کے بعد عوام کو تبدیلی نظر آنا شروع ہو جائیگی۔صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اس خطے کو بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا ہے ہمیں صرف ایماندار اوردیانت دار قیادت کی ضرورت ہے اگر ہم نے دیر پا امن قائم نہیں کیا اور اپنے وسائل کا بہتر استعمال نہ کیا تو آئندہ نسل ہمیں معاف نہیں کرے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت قانون نافذکرنے والے اداروں کی اولین ذمہ داری ہے اس ضمن میں کوئی بھی کوتاہی اور غفلت نا قابل برداشت ہے۔میٹنگ میں دیگر علاقائی اُمور پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی جس میں کئی اہم فیصلے بھی شامل ہے ۔