Directorate of Information and Public Relations, Khyber Pakhtunkhwa

The Official gateway to Governmental Services of the Govt. of Khyber Pakhtunkhwa

کمیشن اور دیگر طریقوں سے قومی خزانہ لوٹنے والے دنیا و آخرت میں شرمندگی سے دوچار ہوں گے ۔

خیبر پختونخوا کے وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن اور انسداد منشیات میاں جمشید الدین کا کا خیل نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے مرکزی حکومت کی طرف سے ترقیاتی عمل میں ہر ممکن رکاوٹیں حائل کرنے کے باوجود عوامی خدمت کو جاری رکھا اور پارٹی وابستگی اور اقرباء پروری کی بنیاد پر کیے جانے والے امتیازی ترقیاتی عمل کی بھرپور حوصلہ شکنی کی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاک بنگلہ نوشہرہ میں ایک کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کھلی کچہری میں ضلعی انتظامیہ قومی تعمیر نو کے محکموں کے ضلعی سربراہان،بلدیاتی نمائندوں اور مقامی لوگوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ میاں جمشید الدین نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جس نے کرپشن اور بدعنوانی کے خلاف تاریخی اقدامات اٹھائے اور پاکستان کے عوام بھی ایسے نڈر اور جرات مند سیاسی رہنماؤں کے منتظر تھے جو ملک کو لوٹنے والوں کو احتساب کے کٹہرے میں لاکر کھڑا کریں ۔انہوں نے کہا کہ اب عوام کو بھی آئندہ انتخابات میں اسی جرات کا مظاہرہ کرنا ہوگااور اپنے ووٹ کے ذریعے ان کرپٹ اور بدعنوان سیاستدانوں کابھرپور محاسبہ کرناہوگا۔صوبائی وزیر نے کہاکہ کھلی کچہری کامقصد عوام کو یہ پیغام دینا ہے کہ قومی خزانہ عوام کی امانت ہے اس کی پائی پائی عوام ہی کی فلاح و بہبود پر خرچ ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کمیشن اور دیگر طریقوں سے قومی خزانہ لوٹنے والے دنیا و آخرت میں شرمندگی سے دوچار ہوں گے ۔اس موقع پر لوگوں نے اپنی شکایات اور مسائل سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیاجس پر صوبائی وزیر نے موقع پر موجود متعلقہ محکموں کو فوری ہدایات جاری کیں۔صوبائی وزیر نے تمام متعلقہ محکموں کے ضلعی سربراہان کو سختی سے تاکید کی کہ وہ حلقہ میں جاری تمام ترقیاتی سکیموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرائیں۔