ہماری حکومت نے پولیس کو سیاسی مداخلت سے پاک کر کے امن قائم کیا-محمد عاطف خان

صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ ترقی کے لئے امن کا قیام لازمی ہے ہماری حکومت نے پولیس کو سیاسی مداخلت سے پاک کر کے امن قائم کیا اور آج نہ تو تھانے بکتے ہیں اور نہ ہی عوام کی عزت مجروح ہو رہی ہے۔انہوں نے کہاہے کہ صوبائی حکومت کی بہتر کارکر دگی کی بدولت چور لٹیرے جو ماضی میں حکمرانوں کے حجروں میں ہوتے تھے وہ آج یا تو جیلوں میں ہیں اور یامنہ چھپائے پھر رہے ہیں۔وہ گڑیالہ کے علاقے بھائی خان میں ساڑھے تین کروڑ روپے کی لاگت سے پل کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔اجتماع سے قو می اسمبلی کے رکن مجاہد خان ، ضلعی کونسلر علی خان اور واجد علی خان ممبرنے بھی خطاب کیا۔بھائی خان خوڑ پل علاقے کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا جسے صوبائی وزیر تعلیم نے پورا کرکے لوگوں کے دل جیت لیے۔ عاطف خان نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت جھوٹے وعدوں اور کھوکھلے نعروں پر یقین نہیں رکھتی ہم نے نظام کی تبدیلی کا وعدہ کیا اور ہم نے گزشتہ چار سال میں سرکاری محکموں میں جو اصلاحات کیں اس کے نتائج سب کے سامنے ہیں ۔چہرے تو بدلتے رہتے ہیں نظام بدلنے پر کسی نے توجہ نہیں دی کیونکہ اس سے براہ راست عوام کو فائدہ پہنچتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ نظام کو کرپشن سے پاک کئے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔گزشتہ ادوار میں حکمرانوں نے قومی خزانے کو لوٹ کر دولت بیرون ملک منتقل کی۔عمران خان نے کرپٹ حکمرانوں کے احتساب کا عمل شروع کیا ہے نواز شریف اور اسکے خاندان کو کٹہرے میں لایا جاچکا ہے جبکہ جلد ہی دیگر کرپٹ عناصر بھی قانون کے شکنجے میں ہونگے ۔عاطف خان نے کہاکہ ماضی میں اس حلقے کو بری طرح نظرانداز کیا گیا، بھائی خان پل کا دیرینہ مطالبہ پورا کیا گیا ہے جبکہ گڑیالہ آر ایچ سی کے لئے 12کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیں اور اس کے ٹینڈر ہوچکے ہیں ۔مساجد میں سولر سسٹم لگایا جائیگا۔انہوں نے سات کروڑ روپے کی لاگت سے ہایئر سیکنڈری سکول اور دو کروڑستر لاکھ روپے سے گلی کوچوں کی تعمیر کا اعلان بھی کیا۔قبل ازیں عاطف خان نے بھائی خان پل کا سنگ بنیا د رکھا ۔